علی گڑھ،29جون (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )فورم فار مسلم ا سٹڈیز اینڈ اینالائسس نے گزشتہ شب استنبول میں ہونے والے دہشت گردانہ حملہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے وسیع پیمانے پر اقدامات کئے جانے کی اپیل کی ہے۔فورم فار مسلم انڈسٹریز اینڈ اینالائسس کے ڈائرکٹر ڈاکٹر جسیم محمد نے کہا کہ دنیا کو امن کی ضرورت ہے اور امن کے ذریعہ ہی بڑے سے بڑے مسئلہ کو حل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کسی مسئلہ کا حل نہیں ہوسکتی۔ ڈاکٹر جسیم محمد نے کہا کہ دنیاکاکوئی مذہب اور کوئی تہذیب دہشت گردی کی اجازت نہیں دیتی۔ڈاکٹر جسیم محمد نے استنبول حملہ میں ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کے تئیں گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری کو چاہئے کہ وہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کی سمت میں ضروری اقدامات کرے تاکہ دنیا پر امن ماحول میں سکون کی سانس لے سکے۔انہوں نے کہا کہ اس قسم کے حملوں میں ہمیشہ بے قصور افراد ہلاک اور زخمی ہوتے ہیں اور دہشت گردی سے متعلق کوئی بھی کارروائی انسانیت کے دامن پربدنماداغ بن کر ابھرتی ہے جس کی ہر مہذب سماج کو مذمت کرنی چاہئے۔انہوں نے دہشت گردی کے خلاف بڑے پیمانے پر کئے جانے والے اقدامات کے لئے ہندوستان کے وزیرِ اعظم مسٹر نریندر مودی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہندوستان ایک امن پسند ملک ہے اور اس نے دنیا میں کسی بھی جگہ ہونے والے کسی بھی قسم کے دہشت گردی کے واقعہ کو کبھی اچھی نظر سے نہیں دیکھا اور بڑھ چڑھ کر اس کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کسی بھی سماج کے لئے ناسور کی طرح ہے جس کابروقت تدارک کیاجانا چاہئے۔